اسلام آباد(سچ نیوز) اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینیئر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز سمیت پورا ملک بند کر دیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا 500 لوگ کہیں تو استعفیٰ دے دوں گا، ہم 9 اپوزیشن جماعتوں کے 4 کروڑ 72 لاکھ لوگ لے آئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین اپنی پارٹی اور ووٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پوری اپوزیشن آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، ہمارا دھرنا عمران خان کے خلاف ہے کسی اور کے خلاف نہیں، ہم جمہوری لوگ ہیں احتجاج کے دوران ایک گملا یا پتہ نہیں ٹوٹا، لوگوں کے اتنے بڑے مجمعے پر طاقت کے استعمال کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، آزادی مارچ کے بعد ہائی ویز سمیت پورا ملک بند کر دیں گے اور جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔
کنوینئر رہبر کمیٹی نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی مجبوریاں تھیں، جس وجہ سے وہ آج نہیں آئے، مریم نواز کی ضمانت کے فیصلے کے باعث شہباز شریف کو وہاں جانا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے اثاثے الیکشن کمیشن میں ظاہر کر چکا ہوں، ایف آئی اے، نیب اور ایجنسیاں ظاہر کردہ اثاثوں سے ایک مرلہ زیادہ زمین یا ایک روپیہ زیادہ لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔