اسلام آباد: (سچ نیوز) جمعیت علمائے اسلام اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے دھرنے (آزادی مارچ) کو پرامن طریقے سے منتشر کرنے کیلئے حکومت کی نئی حکمت عملی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہیٰ کیساتھ ساتھ اب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی بڑی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ انھیں مذاکرات کی کامیابی کیلئے نکات مرتب کرنے کا ٹاسک مل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسد قیصر کو قابل عمل اور قابل قبول نکات تیار کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایسے نکات مرتب کیے جائیں جن سے مثبت نتائج مل سکیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نکات مرتب کرنے کیلئے اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔ قانونی اور آئینی ماہرین کی معاونت سے متفقہ نکات تیار کیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ فضل الرحمان جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کا آپشن مسترد کر چکے ہیں۔