نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت کے سابق وزیر خزانہ چدم برم کوگرفتار کرلیاگیاہے ،ان کو سی بی آئی نے ان کی رہائش گا ہ سے حراست میں لیا ، چدم برم نے آرٹیکل 370ختم کرنے کی مخالفت کی تھی۔تفصیلات کے مطابق پی چدم برم کو آئی این ایکس میڈیا کی سرمایہ کار کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیاہے ۔ سی بی آئی اے کے افسران ان کے گھر کی پچھلی جانب سے دیواریں پھاند کر ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کوگرفتار کرلیا ۔ چدم برم نے گرفتاری سے پہلے کانگریس پارٹی کے ہیڈ کوارٹرمیں پریس کانفرنس کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ میرا اور میرے اہل خانہ کا آئی این ایکس میڈیا کی سرمایہ کاری میں کرپشن سے کوئی تعلق نہیں ہے ، میں قانون سے بھاگ نہیں رہابلکہ قانون تحفظ حاصل کررہا ہوں۔ چدم برم یونہی پریس کانفرنس ختم کرکے اپنی رہائشگاہ واپس پہنچے تو ان کوگرفتار کر لیا گیا ۔ان کی گرفتاری کے موقع پر کانگریس کے کارکنوں نے سی بی آئی اہلکاروں سے دھکم پیل کی اورگاڑی کوروکنے کی کوشش کی ۔واضح رہے کہ پی چدم برم نے مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370اور35اے ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرنے کیلئے کی گئی آئینی ترمیم کی کھل کر مخالفت کی تھی ۔