اسلام آباد: ( سچ نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دورہ پاکستان میں وفود کی سطح پر اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے امریکہ، طالبان براہ راست مذاکرات کو سراہتے ہوئے افغان طالبان سے اسلام آباد میں ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
زلمے خلیل زاد کابل میں اہم ملاقاتوں کے بعد پاکستان پہنچے۔ انہوں نے پاکستانی حکام کو افغان امن عمل کے سلسلے میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔
زلمے خیل زاد امریکہ اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے انعقاد پر پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ وفود کی سطح پر ملاقات میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ افغانیوں کے درمیان باہمی مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں تاہم ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں طالبان، امریکہ مذاکرات کے حوالے سے فوری کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔
چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں زلمے خلیل زاد کے ہمراہ، امریکی صدر کی ڈپٹی اسسٹنٹ لیزا کرٹس اور ریزولوٹ اسپورٹ مشن کے کمانڈر جنرل آسٹن سکاٹ ملر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفد نے امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا