اسلام آباد (سچ نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہم آرمی ترمیمی ایکٹ بل لے کر آئے ن لیگ کو جلد سمجھ آگئی اور ان کی جانب سے غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیاگیا اور پیپلز پارٹی کو صبح چار بجے سمجھ آئی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ نبیل گبول منظوروسان لگ رہے ہیں، فرق یہ ہے منظور وسان رات کوسو کر خواب دیکھتے ہیں اور نبیل گبول دن کوخواب دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ تھاجو کم ہوا ہے ۔ کراچی میں اسد عمرمنصوبوں کی نگرانی کررہے ہیں ، ڈالر اب نیچے جائے گا ، ڈالر کی قیمت بڑھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کیلئے ہم نے کچھ نہیں کیا ،فوج صرف تحریک انصاف کی نہیں ہے بلکہ یہ ن لیگ ، پیپلز پارٹی اورسارے پاکستان کی ہے ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہم بل لے کر آئے ن لیگ کو جلد سمجھ آگئی اور ان کی جانب سے غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیاگیا جبکہ پیپلز پارٹی کو صبح چار بجے سمجھ آئی ، پھر ترامیم لیکر آئے اور پھر غیر مشروط حمایت کیلئے رضامند ہوگئے ۔