نئی دہلی(سچ نیوز) اداکاراﺅں کے مداح تو ہوتے ہی ہیں، کچھ ان سے بہت محبت کرنے والے بھی ہوتے ہیں لیکن ایسا پاگل مداح شاید کسی کا نہ ہو جیسا اس بھوجپوری فلموں کی اداکارہ کا تھا جس نے گن پوائنٹ پر اس کے ساتھ شادی کرنے کی کوشش ہی کر ڈالی۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اداکارہ ریتو سنگھ وارانسی کے ہوٹل رابرٹس گنج میں ٹھہری ہوئی تھی کہ اس کا پنکج یادو نامی مداح ہاتھ میں پستول لیے اس کے کمرے میں گھس آیا اور وہیں گن پوائنٹ پر اس کے ساتھ شادی کی کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق ملزم کی اس حرکت پر ہوٹل میں ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا اور انتظامیہ نے پولیس بلا لی۔ پولیس 1گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی اور تب تک یہ ڈرامہ چلتا رہا۔ اس دوران ایک شخص نے آگے بڑھ کر ریتو سنگھ کی جان چھڑانے کی کوشش کی لیکن ملزم نے اس شخص کو گولی مار دی۔ خوش قسمتی سے گولی اس شخص کے بازو میں لگی اور اس کی جان بچ گئی۔ پولیس نے بھی آنے کے بعد کافی دیر کی تگ و دو کے بعد 25سالہ ملزم پر قابو پایا اور اسے گرفتار کرکے لے گئی۔ اداکارہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم جاﺅن پور کا رہائشی ہے۔ ریتو سنگھ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کے لیے وارانسی میں موجود تھیں۔