آخری وقت اہلیہ کے ساتھ نہ گزارنے کی سب سے زیادہ تکلیف ہے، نوازشریف

لاہور(سچ نیوز)  سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت اہلیہ کے ساتھ نہیں گزار سکا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف  سے جاتی امرا میں ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں شیری رحمان، رحمان ملک، رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت اہلیہ کے ساتھ نہیں گزار سکا، پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکرگزار ہوں کہ اس تکلیف میں ہمارا ساتھ  دیا، پیپلز پارٹی کا وفد میری اہلیہ کی نمازِ جنازہ میں بھی شریک ہوا، اور آج بھی پارٹی قیادت سمیت بڑا وفد چل کر آیا جس کے لئے شکرگزار ہوں۔

سابق صدر آصف زرداری نے جمہوریت کے لئے خدمات  پر بیگم کلثوم نواز کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر خاتون تھیں، جمہوریت اور ملک کے لئے ان کی جدوجہد کو پورا ملک یاد کر رہا ہے، ان کا انتقال شریف خاندان کے لیےبہت بڑا صدمہ ہے، ہم شریف خاندان اورمسلم لیگ (ن) کے دکھ  میں برابر کے شریک ہیں۔

Exit mobile version