پیرس( سچ نیوز )عراق میں ایرانی جنرل کی امریکی فوجی حملے میں ہلاکت سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑی ہے۔جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ردعمل میں فرانس نے کہا ہے کہ اس کارروائی نے دنیا کو پہلے زیادہ خطرناک بنادیاہے۔آرٹی ایل ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس کے وزیر برائے یورپی یونین ایمیلے ڈی مونچلین نے کہا کہ آج صبح جب ہم جاگے تو خود کو ایک زیادہ خطرناک دنیامیں پایا۔انہوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوشش کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اس معاملے پر فرانسیسی صدر عمانویل میکخواں بہت جلد خطے کے تمام بڑے کھلاڑیوں سے رابطہ کرنے والے ہیں۔
امریکا اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرچکا ہے اور اب اس سے دونوں کے درمیان جاری پراکسی وار میں مزید شدت آئے گی۔انہوں نے کہاایسی صورت میں جب کشیدگی عروج کو پہنچ رہی ہے ہم سب کو چاہئے کہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا فرانس پوری دنیا میں امن کیلئے کوشاں ہے یاکم از کم اتنا ضرور چاہتا ہے کہ دنیا کے تمام حصوں میں استحکام ہو۔
واضح رہےکہ امریکی فوج نے ڈرون کی مدد سے بغداد ایئر پورٹ پر بمباری کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا۔امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس اور دیگر چھ افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔