لاہور (سچ نیوز)وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ سعو دی عرب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کوخوش آمدید کہیں گے ، اب سعودی عرب سے کتنی سرمایہ کاری ہوگی ، اس کاپتہ آئندہ دو ہفتوں میں چل جائے گا ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کوخوش آمدید کہیں گے ، اب سعودی عرب سے کتنی سرمایہ کاری ہوگی ، اس کاپتہ آئندہ دو ہفتوں میں چل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک کمیونیکیشن لائن ہے ، اس میں اب سعودی عرب بھی اس سے فائدہ اٹھاتا ہے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی اور ہم ا س کو خوش آمدید کہیں گے ۔ ریکوڈک کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ریکوڈ ک پر مقدمہ چل رہاہے اور اس سے پاکستان کو کافی نقصان ہواہے ، میں اس پرمیں ابھی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن اس حوالے سے آئندہ چند ہفتوں میں طے ہوجائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سعودی عرب اور ایران کے ساتھ تعلق ہے اور اس تعلق کو ساتھ لیکر ہم آگے چلنا چاہتے ہیں۔سعودی عرب سے ہمارا مفاد جڑا ہواہے اور اسی طرح خطے کے ساتھ بھی ہمارا مفاد ہے اس لئے ہم سعودی ایران لڑائی میں حصہ دار نہیں ہیں ، ہمارا تعلق اقتصادی حوالے سے ہے ، ایران پرعالمی پابندیاں ہیں اس وجہ سے وہ کھل کر شامل نہیں ہوپاتا جس طرح سعودی عرب اور امارات شامل ہورہے ہیں لیکن خطے میں تعلقات کے حوالے سے ہم ایران کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتاہے، اس لئے عمران خان بلوچستان تشریف لے کر جارہے ہیں جہاں وہ بلوچ قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔